امریکہ ، ریستوران میں فائرنگ 2 خواتین زخمی‘ حملہ آور ہلاک: سکول میں گولیاں لگنے سے طالبعلم مارا گیا
واشنگٹن(اے پی پی)امریکی شہر اکلوہاما میں ایک پستول بردار شخص نے ایک ریستوران میں داخل ہوکر فائرنگ کردی۔ جرمن خبررساں ادارے کے مطابق واقعے میں ریستوران میں موجود 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ مسلح شخص کو ایک دوسرے شہری نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ مقامی پولیس کے مطابق اس واقعے میں 2 خواتین زخمی ہوئی ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے اور ان کی جان خطرے سے باہر ہے۔ امریکی ریاست انڈیانا کے سکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ سے ایک طالب علم ہلاک اور استاد زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد طلباء کو سکول سے نکال لیا گیا۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے طالب علم کو گرفتار کرلیا ہے۔