ٹرمپ کا شمالی کوریا کے صدر سے طے شدہ ملاقات سے انکار
امریکی صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کے ساتھ ملاقات منسوخ کر دی۔صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان یہ ملاقات 12 جون کو سنگاپور میں ہونا تھی۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس وقت اس طرح کی ملاقات کا وقت مناسب نہیں۔
ٹرمپ کی طرف سے ملاقات سے انکار کا جواز بھی تعجب خیز ہے۔کہتے ہیں سربراہ شمالی کوریا کے حالیہ جارحانہ بیانات قابل افسوس ہیں۔ ساتھ دھمکی بھی دی کہ‘ شمالی کوریا کے سربراہ اپنی ایٹمی صلاحیت کی بات کرتے ہیں۔ ہمارے پاس ایٹمی ہتھیاروں کا طاقتور ذخیرہ ہے۔ ٹرمپ نے کم جونگ ان کو مشورہ دیا کہ اپنا ذہن تبدیل کر لیں تو ان سے رابطہ کریں۔شمالی کوریا جنوبی کوریا کے قریب آرہاتھا جس سے دونوں طرف اطمینان اور خوشی کا اظہار ہورہا تھا،شمالی کوریا نے اپنا نیوکلیئر پروگرام بھی محدود کرنے پر آمادگی ظاہر کی اور ایسا عملاً بھی کردکھایا۔ اپنے جوہری ہتھیاروں کی تجرباتی سائٹس پہاڑی علاقے میں ختم کر دیںجو غیر ملکی صحافیوں کی موجودگی میں ختم کی گئیں۔ اس اقدام کا ممکنہ مقصد علاقائی کشیدگی میں کمی لانا تھا۔ جنوبی کوریا نے خیرمقدم کیا۔امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین بھی کشیدگی کم ہو رہی تھی ۔عالمی برادری امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین کشیدگی میں کمی کی ستائش کررہی تھی اور اسے عالمی امن کی بحالی کا پیش خیمہ قرار دے رہی تھی مگر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے ہم منصب کیساتھ ملاقات سے انکار کرکے دیرپا عالمی امن کیلئے ایک اچھا موقع گنوا دیا ہے۔