کرنسی سمگلنگ کیس: ایان علی کی جانب سے میڈیکل سرٹیفیکیٹ جمع کرادیا گیا، کیس کی سماعت لاہورہائیکورٹ کے فیصلے تک ملتوی کردی گئی

26 مئی 2016 (16:01)

اسلام آباد کی کسٹم عدالت میں ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی. ماڈل ایان علی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے اور ایان علی کی جانب سے حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی. ماڈل ایان علی نے وٹس ایپ کے ذریعے کراچی سے میڈیکل سرٹیفیکیٹ بھیجا جبکہ عدالت نے میڈیکل کی ہارڈ کاپی جمع کرانے پر استفسار کیا جس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ کراچی سے راولپنڈی آنا بھی مہنگا پڑتا ہے. ایان علی راولپنڈی، اسلام آباد نہیں بلکہ کراچی رہتی ہیں. ایان علی کی جانب سے عدالت میں پیش کئے جانے والے میڈیکل سرٹیفکیٹ پر ان کا پورا نام بھی درج نہیں جبکہ ان کی ولدیت پر بھی راجہ حفیظ کے بجائے مسٹر علی درج ہے، پولی کلینک سے بنوایا جانے والا میڈیکل سرٹیفکیٹ آج صبح ہی حاصل کیا گیا. میڈیکل سرٹیفکیٹ میں ایک ہفتے کے لئے بیڈ ریسٹ تجویز کیا گیا ہے. عدالت کی جانب سے ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ سے کارروائی معطل کر دی گئی تاہم کیس کی سماعت لاہورہائیکورٹ کے فیصلے تک ملتوی کردی گئی ہے ۔