سکلز کیمپ کیلئے 21 کھلاڑیوں کا اعلان‘ دورہ انگلینڈ آسان نہیں: انضمام الحق

26 مئی 2016

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ایبٹ آباد کے بوٹ کیمپ سے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی کھلاڑیوں کی پہلی شارٹ لسٹ کا اعلان کر دیا جبکہ حتمی 15 رکنی سکواڈ کا اعلان ہیڈ کوچ اور کپتان کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دورہ انگلینڈ کی تیاری کیلئے بوٹ کیمپ کیلئے 35 کھلاڑیوں کی تعداد کو کم کر کے 21 کر دی۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کا دورہ کبھی آسان نہیں رہا ہے۔ امید کرتا ہوں کہ جن ینگسٹر کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے وہ اعتماد پر پورا اتریں گے۔ محمد حفیظ انجری مسائل سے ضرور دوچار ہیں لیکن وہ انگلینڈ کے دورہ سے پہلے فٹ ہو جائیں گے۔ ان کا دوبارہ سکین کرایا گیا ہے۔ رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا اگر وہ فٹ نہیں ہوتے ان کا متبادل کون ہوگا میرے ذہن میں وہ نام موقع ہے۔ وقت آنے پر اس کا اعلان کر دوں گا۔ ٹیم میں کوئی آف سپن باولر نہیں جس کی بنا پر افتخار کو ترجیح دی ہے۔ عامر یامین اور صدف حسین ہماری نظروں میں ہیں انہیں بھی موقع دیا جائے گا۔ دورہ انگلینڈ میں رزلٹ کیا ہوگا اس کے بارے میں پہلے سے کچھ نہیں کہہ سکتا‘ انگلینڈ کی سیریز ٹف ہوگی۔ احمد شہزاد اور عمر اکمل کا ڈسپلن بہتر اور کارکردگی اچھی ہوئی تو دونوں کھلاڑیوں کی سلیکشن کے متعلق سوچا جا سکتا ہے۔ ایبٹ آباد کا بوٹ کیمپ 27 مئی کو ختم ہوگا ‘ 30 مئی سے 6 جون تک کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔آل راؤنڈرز کے بغیر بھی ٹیم بن سکتی ہے جس کی مثال موجودہ کھلاڑیوں کی ہے۔ یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر اگر فٹنس مسائل کا شکار ہوتے ہیں تو انگلینڈ کا دورہ کرنے والے پاکستان اے ٹیم کے سپن باؤلرز کو انکے متبادل کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے قومی ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کی کوشش کریں۔ جلد بازی میں تبدیلیاں نہیں کرینگے بلکہ جن کھلاڑیوں کو قومی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے انہیں 6 سے 8 ماہ تک انٹرنیشنل کرکٹ میں موقع دینگے۔ پاکستان اے ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مد نظر رکھا جائے گا جو کھلاڑی بہتر پرفارم کرینگے انہیں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے زیرغور لایا جائے گا۔ جن 21 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ان میں چار اوپنر محمد حفیظ، سمیع اسلم، خرم منظور اور شان مسعود، مڈل آرڈر میں اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، افتخار احمد، آصف ذاکر اور اکبر الرحمان، فاسٹ باؤلرز میں محمد عامر، راحت علی، عمران خان، سہیل خان، جنید خان اور احسان عادل، سپنرز میں یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر جبکہ وکٹ کیپرز میں سرفراز احمد اور محمد رضوان شامل ہیں۔