لوڈشیڈنگ کا دورانیہ پھر بڑھ گیا، فیروزوالا میں احتجاج، جی ٹی روڈ پر دھرنا

26 مئی 2016

لاہور+ فیروزوالہ (کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران) ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ بڑھ جانے سے شارٹ فال ایک بار پھر بڑھ گیا جس سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کر دیا گیا۔ لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبارزندگی شدید متاثر رہا جب کہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی رہی جب کہ فیروزوالہ میں لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوںنے شدید احتجاج کیا اور جی ٹی روڈ پر دھرنا دے کر ٹریفک بلاک کر دی۔ تفصیلات کے مطابق شارٹ فال ایک بار پھر بڑھ کر 7ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا۔ شہروں میں ایک بار پھر لوڈ شیڈنگ کادورانیہ بڑھا کر 12گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 14سے 16گھنٹے کردیا گیا مرمت کے نام پر بجلی کی بندش کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا گیا تمام سب ڈویژنوں میں دو سے تین فیڈرز مرمت کے نام پر آٹھ سے دس گھنٹے کے لئے بند رکھے گئے۔ کئی علاقوں میں باربار ہونے والی لوڈ شیڈنگ سے پانی کا بحران بھی پیدا ہو گیا۔ ادھر فیروزوالہ میں رچنا ٹائون کے شہریوں نے زبردست احتجاج کیا۔ جی ٹی روڈ پر دھرنا دے کر زبردست تعرے بازی کی سڑک کی بندش سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں بعدازں مظاہرین منتشر ہو گئے۔
لوڈشیڈنگ/دھرنا