شفیق آباد: ڈکیتی کے 4 ملزم تھانے سے فرار، 3 دوبارہ گرفتار، چوتھا راوی میں کود گیا

26 مئی 2016

لاہور(صباح نیوز) لاہور میں شفیق آباد پولیس کے زیرحراست ڈکیتی کے 4 ملزم تھانے سے بھاگ نکلے ایک ملزم اہلکاروں کے تعاقب پر دریائے راوی میں کود گیا، 8 گھنٹوں کی تلاش اور امدادی کارروائیوں کے باوجود اسکا کوئی سراغ نہیں ملا۔ تفصیلات کے مطابق شفیق آباد پولیس نے عرفان، رمضان، اسحاق اور نبیل کو ڈکیتی کے الزام میں حراست میں لیا۔ مارپیٹ کے بعد پولیس اہلکار سستانے لگ گئے۔ اس دوران موقع پا کر چاروں ملزم بھاگ نکلے، تعاقب کے بعد 3 ملزموں کو پکڑ لیا گیا مگر 25 سالہ اسحاق نے گرفتاری سے بچنے کیلئے دریا میں چھلانگ لگا دی۔ پولیس نے ریسکیو ٹیموں کوبلا لیا اور 8گھنٹے تک اسحاق کو ڈھونڈتے رہے، تاہم کوئی سراغ نہ ملنے پرامدادی کارروائیاں صبح تک موخر کردیں۔ ملزم اسحاق کے ڈوبنے کا خدشہ تو بدستور موجود ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اسحاق تیراک تھا، بھاگ گیا ہوگا جبکہ باقی 3 ملزموں کیخلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیاگیا۔
ڈکیتی/ ملزم فرار