کل ملک گیر احتجاج سے ثابت کردینگے قوم ڈرون حملوں کیخلاف ہے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈرون حملے جاری رکھنے کی امریکی دھمکیوں کیخلاف مذہبی وسیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر ملک گیر تحریک چلائیں گے۔ بلوچستان میں امریکی ڈرون حملہ پاکستان کی سلامتی وخودمختاری پر حملہ ہے۔ ملکی سلامتی کو درپیش خطرات پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرسکتے۔ امریکہ پاکستان میں ڈرون حملوں کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کئے بغیر بیرونی سازشوں پر قابو پانا ممکن نہیں ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ کل جمعہ کو ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے ذریعہ دنیا پر ثابت کریں گے کہ پوری پاکستانی قوم ان ڈرون حملوں کے خلاف ہے اور ملکی سرحدی حدود کی خلاف ورزیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جماعۃالدعوۃ کی طرف سے کل 27 مئی کو لاہور، اسلام آباد، کراچی، حیدرآباد، ملتان اور پشاور سمیت پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، احتجاجی مظاہروں میں دیگر مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی شریک کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو سمجھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کو ہدف بناکر نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ انڈیاوامریکہ نے پاکستان کو خصوصی ہدف بنا رکھا ہے۔ بھارت، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں انتشار پھیلاکر اقتصادی راہدای کو ناکام بنانے کی کوششیں کر رہا تھا، لیکن وہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ یہی وجہ ہے کہ اب وہ چاہ بہار میں میں بھاری سرمایہ لگاکر پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ حکومت پاکستان کو امریکی صدراوباما کے دھمکی آمیز بیانات پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے اور تمام بین الاقوامی فورمز پر اس سلسلہ میں بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے۔ حکمرانوںوسیاست دانوں سمیت عوام کا ہر طبقہ ملک وملت کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
حافظ سعید