ڈرون حملے ملکی سالمیت کیخلاف سازش ہیں: سمیع الحق، دینی، قومی رہنمائوں کا اجلاس بلا لیا

26 مئی 2016

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام (س)کے امیر مولانا سمیع الحق نے ڈرون حملوں پر اہم دینی اور قومی جماعتوں اور شخصیات سے مشاورت کے لئے 30مئی بروز پیر اسلام آباد میں اہم اجلاس طلب کرلیا اور انہوں نے علماء اور ملک بھر کے خطبا سے اپیل کی کہ وہ کل 27 مئی جمعتہ المبارک کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں اور موجودہ حالت پرعوام کے شعور کو بیدار کرتے ہوئے احتجاج کریں۔ گزشتہ روز اپنے بیان میں مولانا سمیع الحق نے بلوچستان میں طالبان کے امیر ملااختر منصور کی شہادت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈرون حملوں پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری سلب کرنے کی سازش قرار دیا ہے اور کہا کہ حکمران اور سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر چوری کے الزامات اور بیرونی ممالک میں اقتدار بچانے کی سازشوں میں لگے ہوئے ہیں جبکہ دشمن پاکستان کے چاروں طرف جال بن رہا ہے۔ مولانا سمیع الحق نے بتایا کہ 30 مئی کو ہونے والے اجلاس کیلئے انہوں نے اہم رہنماؤں سے رابطے کرلئے اور ان رہنمائوں نے دعوت قبول کرلی۔ مولانا سمیع الحق نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا کہ ملک کے کروڑوں محب وطن عوام سکتے کی حالت میں ہیں او ر سیاستدانوں کو سانپ سونگھ گیا ہے یا بیرون ملک سیرسپاٹوں میں مصروف ہیں۔
سمیع الحق