ساہیوال، شادی سے انکار پر نوجوان نے سٹیج اداکارہ انعم خان پر تیزاب پھینک دیا

26 مئی 2016

ساہیوال (نامہ نگار) شادی سے انکار پر نوجوان نے ساتھیوں سے مل کر سٹیج ادا کارہ پر تیزاب پھینک دیا،60 فیصد جسم جھلس گیا ملزم فرار ہو گئے۔ ادا کارہ انعم خان 134/9-L سے لا ہور اپنے کام کے سلسلہ میں جا رہی تھی بس پر سوار ہونے کے لئے عارفوالہ چوک کے قریب پہنچی تو فہد خاں اور اس کے دو نامعلوم ساتھی موٹر سائیکل پر آئے اور انہوں نے اداکارہ پر تیزاب پھینک دیا اور جسے فوری طور پر تشویش ناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا انعم خاں کا کہنا تھا میری ایک بیٹی ہے اور ہم 6 بہنیں ہیں گھر کی خود کفیل ہوں فہد زبردستی شادی کرنے کا کہتا تھا انکار پر تیزاب پھینک دیا۔ متاثرہ اداکارہ کی پیٹھ ، سینہ، بازو اور جسم کا دیگر حصہ بری طرح جھلس گیا ہے۔ اداکارہ کی بہن ثمناں کا کہنا تھا ملزمان بااثر ہیں اس لئے ہم ان کے خلاف کاروائی نہیں کر نا چاہتے کیونکہ وہ ہمیں قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور پولیس بھی صلح کے لئے کہہ رہی ہے۔ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ساہیوال میں علاج ممکن نہیں لاہور یا ملتان ریفر کرنا پڑے گا۔ آخری اطلاع تک پولیس ملزموں کو گرفتار نہ کر سکی ہے۔
تیزاب پھینک دیا