طالبان ہتھیار ڈال دیں ورنہ ان کا حشر اختر منصور جیسا ہو گا: افغان صدر

26 مئی 2016
طالبان ہتھیار ڈال دیں ورنہ ان کا حشر اختر منصور جیسا ہو گا: افغان صدر

کابل (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے طالبان کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ افغان طالبان کے لئے تشدد کا راستہ ترک کرنے کا ایک اور موقع ہے، طالبان ہتھیار ڈال کر پرسکون زندگی گزاریں، ہتھیار نہ ڈالے تو ملا اختر منصور جیسا انجام ہو سکتا ہے۔ افغان صدر کا کہنا ہے کہ طالبان کے پاس تشدد کا راستہ ترک کرنے کا ایک اور موقع ہے۔ بی بی سی کے مطابق افغانستان کی حکومت نے افغان طالبان کے نئے رہنما مولوی ہیبت اللہ اخونزادہ سے کہا ہے کہ جنگ ختم کریں یا سنگین نتائج کے لیے تیار ہو جائیں۔ افغان حکومت کی جانب سے یہ پیغام صدر اشرف غنی کے نائب ترجمان ظفر ہاشمی نے اپنے ٹوئٹ میں دیا ہے۔ ظفر ہاشمی نے ٹوئٹ میں کہا ’نئی صورت حال طالبان گروہوں کے لیے پرتشدد کارروائیاں بند کرنے اور پرامن زندگی دوبارہ شروع کرنے کا موقع ہے ورنہ ان کا بھی وہی حال ہو گا جو ان کے رہنما کا ہوا ہے۔