آسیہ اسحاق ساتھیوں سمیت پاک سرزمین پارٹی میں شامل، کچھ لوگوں کیلئے دروازے بند ہیں: مصطفی کمال

26 مئی 2016
آسیہ اسحاق ساتھیوں سمیت پاک سرزمین پارٹی میں شامل، کچھ لوگوں کیلئے دروازے بند ہیں: مصطفی کمال

کراچی (اے این این + این این آئی)آل پاکستان مسلم لیگ کی رہنما آسیہ اسحاق نے 16 ساتھیوں سمیت پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ انہوں نے پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آسیہ اسحاق نے کہا کہ انکی پی ایس پی میں شمولیت کے حوالے سے سابق صدر پرویز مشرف کو علم ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کے مصطفی کمال نے کہا کہ اب ایسا بھی نہیں ہے کہ انکی جماعت کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں کچھ لوگ ایسے ہیں جنہیں وہ اپنی جماعت میں جگہ نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار پہلے یہ بتائیں کہ وہ را کے ایجنٹ ہیں یا نہیں۔ ہم ایم کیو ایم کے بھٹکے ہوئے لوگوں کے لیے عام معافی کی بات کرتے ہیں اور انہیں بہکانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ دریں اثنا آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ آسیہ اسحٰق کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر 28جنوری 2016 کو عہدے سے سبکدوش کردیا گیا تھا۔ جس کا باقاعدہ نوٹفکیشن جاری کیاگیا تھا۔ وہ اے پی ایم ایل یا پارٹی سربراہ جنرل(ر)پرویز مشرف کی ترجمان نہیں رہی تھیں،پارٹی سے کسی کے جانے سے پرویز مشرف کے مشن پر فرق نہیں پڑتا،ہم مخلص لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں،دوسری جماعت میں شمولیت اختیار کرنے والوں نے ثابت کردیا وہ پرویزمشرف سے نہیں،عہدوں سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ اسحٰق کو ڈسپلن کی خلاف ورزی اور پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی بنا پر ہٹایا گیا تھا۔ ان لوگوں کو عہدے عزیز تھے۔ یہ اچھا ہوا کہ ان لوگوں نے اپنے عمل سے ثابت کردیا کہ یہ لوگ پارٹی کے لئے فائدہ مند نہیں تھے بلکہ مفادات کی خاطر ہمارے مشن کو نقصان پہنچا سکتے تھے۔