امریکہ کیخلاف خطرہ بننے والے تمام افراد اور نیٹ ورکس کا خاتمہ کرینگے: ایش کارٹر
واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ نے کہا ہے کہ ملا منصور کی ہلاکت سے افغانستان میں قیام امن کی راہ میں حائل ایک رکاوٹ دور ہوگئی ہے، امریکہ کے خلاف خطرہ بننے والے تمام افراد اور نیٹ ورکس کا خاتمہ کیا جائے گا۔ غیرملکی میڈیاکے مطابق امریکی وزیر دفاع ایش کارٹر نے اپنے بیان میں کہاکہ ملا منصور کی ہلاکت اس بات کی تصدیق ہے کہ ہم اپنی فوجیوں کو لاحق خطرات کے خلاف اقدامات کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس اہم آپریشن پر امریکی فورسز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں ایسے تمام افراد اور نیٹ ورکس کا خاتمہ کیا جائے گا جو امریکہ اور اس کی فورسز کے لیے خطرہ ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ افغان عوام کے لیے ایک روشن اور محفوظ مستقبل کی کوششوں پر کابل کی حمایت جاری رکھے گا۔