امریکہ نے جماعۃ الدعوۃ القرآن اور طارق گیدر گروپ کو دہشت گرد قرار دیدیا

26 مئی 2016

واشنگٹن (بی بی سی ڈاٹ کام) امریکی وزارت خارجہ نے طارق گیدر گروپ اور جماعۃ الدعوۃ القرآن کو عالمی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے اور ان تنظیموں پر پابندیاں عائد ہوں گی۔ ان پابندیوں کے نتیجے میں امریکی عملداری میں آنے والی تمام جائیدادیں جن کا تنظیموں سے تعلق ہوگا انکو ضبط کیا جا سکے گا اور ان تنظیموں سے امریکی شہریوں کے رابطے رکھنے پر بھی پابندی ہو گی۔ طارق گیدر گروپ تحریک طالبان پاکستان کا ایک ذیلی گروہ ہے اور اسکا گڑھ درہ آدم خیل پاکستان ہے۔ طارق گیدر گروپ دہشت گردی کی کئی بڑی بڑی وارداتوں میں ملوث رہا ہے جن میں پشاور کے آرمی پبلک سکول پر حملہ بھی شامل ہے جس میں 132 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اسکے علاوہ یہ گروپ 2010ء میں ایک برطانوی اخبار نویس کو شمالی وزیرستان سے اغوا کرنے کی واردات میں بھی ملوث تھا۔ اسی گروپ نے پولینڈ کے ایک جغرافیہ دان کو بھی اٹک سے اغوا کرکے اسکا سر قلم کیا تھا۔ جماعۃ الدعوۃ القرآن شدت پسند گروہ پشاور اور مشرقی افغانستان میں سرگرم ہے۔ اس گروپ نے 2010ء میں طالبان کے سابق امیر ملا عمر کے ہاتھوں پر بیعت کرلی تھی اور اس کے القاعدہ اور لشکر طیبہ سے بھی پرانے مراسم ہیں۔ یہ گروپ بھی دہشت گردی کی بہت سے وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ اس نے ایک برطانوی امدادی کارکن لنڈا نورگرو کو بھی افغانستان کے علاقے کنڑ سے اغوا کر لیا تھا۔