گلشن راوی: 2 دہشت گرد گرفتار، دھماکہ خیز مواد، اہم مقامات کے نقشے برآمد

26 مئی 2016

لاہور (نامہ نگار)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گلشن راوی کے علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے 2 مبینہ دہشت گر دوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد،دہشت گردی کے واردات میں استعمال ہونے والے آلات اور اہم مقامات کے نقشے بر آ مد کر لئے۔ گرفتار دہشت گر دوں کا تعلق کالعدم تنظیم القائدہ اور اسلامک موومنٹ آف ازبکستان (آئی ایم یو)سے بتایاجاتا ہے۔ کا ؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) نے گزشتہ روز گلشن راوی کے علاقہ میں فٹ بال گراؤنڈمیں چھاپہ مار کر2مبینہ دہشت گر دوںعمر خیام اورنذیر احمد کو گر فتار کر لیا اور انکے قبضے سے 8سو گرام بارود، 2الیکٹرک سرکٹ،ڈیٹو نیٹرز،اہم عمارتوں کے نقشے بر آمد کرلئے ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق چارسدہ انٹرچینج پر سیکرٹریٹ کے بس میں سوار مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار دہشت گرد افغانستان میں جہادی سرگرمیوں میں ملوث اور ایک بارڈر ون حملے میں شدید زخمی ہوا تھا۔ تنگی سے بھی مبینہ دہشت گرد گرفتار کرکے دو چھریاں اور دو نائن ایم ایم پستول برآمد کرلئے گئے ہیں۔