پیپلز پارٹی کے اجلاس میں ’’کرپٹ عناصر‘‘ کی بات کرنیوالوں کی پٹائی‘جہانگیر بدر اور راجہ عمران اشرف بے بس‘ 25 منٹ تک لڑائی ہوتی رہی

26 مئی 2016

اسلام آباد (خبر نگارخصوصی) پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان زرداری ہاؤس اسلام آباد میں شدید لڑائی ہو گئی۔ کارکن ایک دوسرے پر لاتوں او رگھونسوں کی بارش کرتے رہے۔ جہانگیر بدر اور راجہ عمران اشرف بے بسی سے ایک دوسرے کو دیکھتے رہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ تیس مئی کو بلاول بھٹو زرداری کے میرپور میں جلسہ عام کے حوالے سے راولپنڈی اسلام آباد ڈویژن کے پارٹی کارکنوں اور مختلف ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں کے اجلاس میں چند کارکن کھڑے ہوگئے اور کہا کہ کرپشن کرنے والوں نے پارٹی کو تباہ و برباد کیا ہے۔ ان کو پارٹی کے مرکزی عہدوں سے الگ کیا جائے۔ ان کی کرپشن کی وجہ سے پارٹی پنجاب میں ختم ہو چکی ہے۔ اس دوران کارکنوں کا ایک گروپ کھڑا ہو گیا اور جو کرپشن کی وجہ سے پارٹی کے تباہ ہونے کی باتیں کررہے تھے ان پر لاتوں، مکوں اور گھونسوں کی بارش کر دی۔ یہ سلسلہ پچیس منٹ سے زیادہ جاری رہا۔ پارٹی کارکنوں نے مرکزی قائدین کی باتیں سننے کی بجائے ان کو کھری کھری سنائیں۔