لندن : حسن نواز کی رہائش گاہ کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کا مظاہرہ

26 مئی 2016

لندن(آئی این پی) وزیراعظم محمد نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کی لندن میں رہائش گاہ کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پانامہ لیکس کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے وزیراعظم نوازشریف کے جلد احتساب کا بھی مطالبہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے لندن میں واقع حسن نواز کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر پانامہ لیکس کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ مظاہرے کے دوران پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ۔بعض ذرائع کے مطابق مظاہرے کے وقت نواز شریف بھی گھر میں موجود تھے۔