یمن میں شدید لڑائی، اہم باغی رہنما سمیت50 حوثی ہلاک

26 مئی 2016
یمن میں شدید لڑائی، اہم باغی رہنما سمیت50 حوثی ہلاک

صنعا ء +کویت سٹی (آئی این پی +اے پی پی+اے ایف پی)یمن کے مختلف علاقوں میں جاری لڑائی کے نتیجے میں اہم باغی رہنما سمیت 50 حوثی اور علی صالح کی حامی ملیشیا کے عناصر ہلاک ہوگئے ۔ شہر ہو تہ میں سعودی اتحادی طیاروں نے داعش کے جنگجو کا گھر سمجھ کر بمباری کر دی ۔ غلطی سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد مارے گئے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عوامی مزاحمتی فورس کے ترجمان عبداللہ الشندقی نے بتایا کہ مشرقی صنعا کے نھم ڈاریکٹوریٹ میں حوثی اور علی صالح کے حامی گروپوں کے 22 جنگجوں سمیت 23 افراد ہلاک ہوگئے۔مزاحمتی کارکنوں نے نھم میں جاری لڑائی کے دوران کئی اہم مقامات پر اپنا کنٹرول حاصل کرتے ہوئے باغیوں کو وہاں سے نکال باہر کیا ہے۔دریں اثنا اقوام متحدہ نے کہاہے کہ کویت میں ہونے والے مذاکرات میں یمن کے متحارب فریق امن معاہدے پر اتفاق رائے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے اسماعیل عولدالشیخ نے نیویارک روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہی۔