کراچی، تنخواہوں کی عدم ادائیگی، ملازمین نے بلدیاتی اداروں کو تالے لگا دئیے

26 مئی 2016

کراچی (سٹاف رپورٹر) تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف بلدیاتی ملازمین نے بلدیاتی اداروں کو تالے لگا دیئے جبکہ مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کا نظام معطل ہونے سے شہر کچرا کنڈی میں تبدیل ہو گیا۔ ایف بی آر اور ڈی ایم ایز کے مابین جاری تنازعہ کے باعث ڈی ایم ایز کے ملازمین کو اپریل کی تنخواہ جاری نہ ہو سکی۔ کمشنر کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے بلدیاتی ملازمین کو یقین دہانی کرائی تھی کہ انہیں 20 مئی تک تنخواہیں جاری کر دی جائیں گی مگر وزیراعلیٰ کے وعدے سے انحراف کے بعد بلدیاتی ملازمین میں اشتعال پھیل گیا۔ کلفٹن میں سابق صدر آصف زرداری کی رہائش گاہ پر بلاول ہاؤس پر سندھ ریزرو پولیس کے برطرف اہلکاروں کا احتجاج پولیس نے لاٹھی چارج کے بعد اپنے ہی دس پیٹی بند بھائیوں کو گرفتار کر لیا۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں سندھ رزرو پولیس کے برطرف اہلکاروں کی جانب سے کئے گئے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت سندھ سے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں معاملے کا حل نکالا جائے۔