جسٹس پارٹی نے الیکشن کمشن سے وزیراعظم اور انکے خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کرلیں

26 مئی 2016

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی نے الیکشن کمشن آف پاکستان سے وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں۔ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کی پارٹی کو یہ دستاویزات بدھ کے روز الیکشن کمشن سے موصول ہوئیں، دستاویزات موصول کرنے کے بعد پارٹی کے سینئر رہنما شیخ احسن الدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی نے ایوان صدر سے دستاویزات حاصل کرنے کے لیے درخواست دے رکھی ہے جس میں ایوان صدر سے درخواست کی گئی ہے کہ سابق صدر رفیق احمد تارڑ کی طرف سے میاں نواز شریف کی سزا معافی کی دستاویزات فراہم کی جائیں۔ ایوان صدر سے دستاویزات موصول ہونے کے بعد ملک کی اعلیٰ عدلیہ یا مجاز اتھارٹی سے وزیر اعظم کی نااہلی کے لیے رجوع کیا جائے گا۔