پاکستان و قطر کے تاجروں کو مشترکہ منصوبہ سازی پر توجہ دینی چاہیے : سفیر قطر
لاہور (کامرس رپورٹر) قطر کے سفیر سقر بن مبارک المنصوری نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے تاجروں کو مشترکہ منصوبہ سازی پر توجہ دینی چاہیے، قطر تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے مالامال ہے ، اس کے انفراسٹرکچر، سیاحت اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں پاکستانی تاجروں کے لیے قیمتی مواقع ہیں جن سے انہیں بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر سید محمود غزنوی سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ قطر کو ہنرمند افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے ، پاکستان قطر کو ہنرمند افرادی قوت برآمد کرکے بھاری زرمبادلہ کماسکتا ہے۔ قطر کو تعلیم، صحت اور انجینئرنگ کے شعبوں میں بھی پاکستان کی مدد کی ضرورت ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی راشتے ہونے کے باوجود تجارتی و معاشی تعاون تسلی بخش سطح پر نہیں۔ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ پاکستان کا تعمیراتی شعبہ قطر میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ قطر کو پاکستان کی بہترین افرادی قوت سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے جو سستی مگر انتہائی ہنرمند اور محنتی ہے۔