کسی سیاسی پارٹی کے کارکنوں ‘وکلاء کو ہراساں نہ کیا جائے : پنجاب بار کونسل
لاہور(خبر نگار) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئر مین بشارت اللہ خان اور چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی طاہر شبیر چودھری نے مطالبہ کیا ہے کہ کسی بھی سیاسی پارٹی کے کارکنوں بالخصوص وکلاء کو کسی بھی صورت میںہراساں نہ کیا جائے اور نہ ہی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جائے۔ انہوں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک ایک انتہائی نازک دور سے گذر رہا ہے جس میں ایسا لگتا ہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں اور آئینی ادارے ملکی سلامتی اور آئین کی پاسداری کرنے کی بجائے ایک دوسرے سے دست و گریباں ہیں جس وجہ سے دن بدن ملک معاشی طور پر تباہی کی طرف جارہا ہے۔ وکلاء برادری آئین اور قانون کی بالا دستی اور پاسداری کیلئے ہر لمحہ کوشاں رہے گی۔ ملک میں آئین اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنائیگی اور ہم بطور بار کونسل یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام آئینی ادارے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں سر انجام دیں تا کہ ملک انتشار اور غیر یقینی صورت حل سے باہر نکل کر استحکام اور ترقی کی طرف گامزن ہو سکے ۔ آئین اور قانون کی پاسداری ہی میں ہم سب کی بقاء ہے ۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں افہام و تفہیم سے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ملک میں انتخابات کے عمل کو یقینی بنائیں۔وکلاء برادری یہ مطالبہ کرتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں افہام و تفہیم سے صاف و شفاف اور غیر متنازعہ انتخابات کے عمل کو یقینی بنائیں تا کہ پاکستان استحکام ، خوشحالی ، اور معاشی ترقی کی راہ پ گامزن ہو سکے۔