مقبوضہ کشمیر : قابض فوج کی ظالمانہ کرروائیاں جاری ، سکھ میاں بیوی گرفتار ، شہری کی نعش برآمد
سرینگر‘ جموں (کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں جاری ہیں ،بھارتی پولیس نے جموں ضلع میں ایک سکھ خاتون اور اس کے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔سری نگر سے ایک شہری کی پراسرار حالت میں لاش برآمد ہوئی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک شہری کی پراسرار حالت میں لاش برآمد ہوئی ہے۔ قریباً25سالہ سلمان ارشاد وانی کی لاش صبح سرینگر کے علاقے رام باغ سے برآمد ہوئی۔ جبکہ ضلع کٹھوعہ میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف ) کا ایک افسر دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گیا۔ دوسری جانب مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے اظہار رائے کی آزادی کے حق پر ایک اور حملہ کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کو کسی بھی انتظامی پالیسی یا کارروائی پر تبصروں اور تنقید سے منع کر دیا ہے۔ قابض بھارتی انتظامیہ نے سرکاری ملازمین کی طرف سے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق ایک باقاعدہ حکمنامہ جاری کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے واضح کیا ہے کہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور بھارت جموں وکشمیر کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت یکطرفہ طو رپر ہرگزتبدیل نہیں کر سکتا۔ اقوام کی ذمہ دادی ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کیلئے کردار ادا کرے ،مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اپنے حق خودارادیت کے لیے گزشتہ 75 برس سے زائد عرصے کے دوران مثالی قربانیاں دی ہیں اور وہ اپنا یہ حق ہر قیمت پر حاصل کر کے رہیں گے۔