اسلام آباد: وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، جس میں کورونا سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر مزید فیصلے متوقع ہیں۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزرائے اعلیٰ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں جبکہ مشیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی اور عسکری و سول اداروں کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق معاون خصوصی ظفر مرزا نے کورونا کی موجودہ صورتحال اور چیئرمین این ڈی ایم اے کی کورونا سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ حکومتی ریلیف پیکج اور ملکی معیشت پر بھی مشاورت کی جا رہی ہے۔ جزوی لاک ڈاون کے بعد ملک میں معاشی استحکام کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کوآرڈینشن کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شریک ہیں۔
نیشنل کوآرڈینشن کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس اور اس کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفرمرزا شرکا کو بریفنگ دیں گے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے طبی آلات کی دستیابی سے متعلق معلومات فراہم کریں گے۔
صوبائی وزرائے اعلیٰ اوردیگر حکام بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شریک ہیں۔ اجلاس میں حکومتی ریلیف پیکج کے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس وقت پاکستان میں کورونا کے 1102 کیسز سامنے آچکے ہیں اور8 اموات ہوئی ہیں۔ پورے ملک میں لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے اور عوامی اجتماعات پابندی عائد کر دی گئی ہے۔