جڑواں شہروں کے درمیان لاک ڈائون کو برقرار رکھنے کیلئے ناکہ بندی انتہائی سخت کردی گئی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کے درمیان کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر لاک ڈائون کو برقرار رکھنے کے لئے ناکہ بندی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔ بدھ کو جڑواں شہروں کے درمیان آمدورفت کی چیکنگ کیلئے پاک فوج کے جوانوں نے اسلام آباد پولیس، اسلام آباد ٹریفک پولیس اور رینجرز کے ہمراہ فرائض سنبھال لئے۔ دونوں شہروں کے داخلی راستوں پر چیکنگ کے دوران غیر ضروری آمدورفت کی حوصلہ شکنی کیلئے بلا جواز سفر کرنے والے شہریوں کو روکا گیا اور انہیں واپس بھجوا دیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ لاک ڈائون کو برقرار رکھنے کیلئے موٹر سائیکل پر ڈبل سواروں کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے بھی روکا گیا اور انہیں واپس بھیج دیا گیا۔