سواں گارڈن انتظامیہ نے رہائشیوں کیلئے کرونا وائرس ہیلپ ڈیسک قائم کر دیا
اسلام آباد(وقائع نگار )سویلین ایمپلائز کو آپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی ، سواں گارڈن کی انتظامی کمیٹی نے رہائشیوں کی سہولت کیلئے کرونا وائرس ہیلپ ڈیسک قائم کر دیا ہے جس کا مقصد رہائشیوں میں کرونا کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا اور انہیں اس مرض سے بچانے کیلئے ضروری اقدامات کرنا ہے۔ مینجمنٹ کمیٹی کے سیکرٹری جنرل محمد منشا ساہی نے بتایا کہ ہیلپ ڈیسک سوسائٹی کے اندر کرونا کی روک تھام کے لیے درکار ضروری اقدامات کرے گا اور اس حوالے سے صورت حال کی نگرانی کرے گا۔ یہ ڈیسک چوبیس گھنٹے کام کرے گا اور رہائشیوں کو ان کی دہلیز پر ضروری مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سینیٹائزرز ، پرسنل پروٹیکٹیو سوٹس، ماسکس، گلوز سمیت ضروری سامان متعلقہ سٹاف کو فراہم کردیا گیا ہے۔ سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے، صورتحال کی کڑی نگرانی کرے اور آمدورفت پر نظر رکھے، ملازمین کو بھی ضروری سامان فراہم کیا جاچکا ہے۔ صدر سوسائٹی الیاس خان نے اس موقع پر کہا کہ ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر سوسائٹی میں تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں ۔