اسلام آباد: آئی ایم ایف کے نئے مشن چیف ارنسٹو ریمریز پاکستان پہنچ گے۔ وہ وزیرخزانہ اسد عمر سے اہم ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسدعمر سے ملاقات سمیت آئی ایم ایف مشن چیف اسٹیٹ بینک اور حکومت کی اقتصادی ٹیم سے بھی ملیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آئی ایم ایف سے متوقع مالی پیکج پر بات چیت کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا تھا پاکستان آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے، آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکج پربات چیت آخری مرحلے میں ہے، ممکنہ بیل آؤٹ پیکج پراختلافات میں کمی آئی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حتمی معاہدہ مذاکرات کے بعد ہوگا۔ اب تک بیل آؤٹ پیکج پر کوئی بھی رقم طے نہیں پائی، آئی ایم ایف مشن کی پاکستان آمد سے قبل فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایشیا پیسیفک گروپ بھی پاکستان کا دورہ کرے گا۔اسد عمر نے کہا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے مشن کو حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے حوالے سے اٹھائے گئے سخت اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔