غزہ : اسرائیلی فضائیہ کی حماس ٹھکانوں پر بمباری ، جھڑپوں میں زخمی2فلسطینی دم توڑ گئے
غزہ(آئی این پی)اسرائیل کی فوج نے فلسطینی مظاہرین پر گولہ باری کے بعد حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کیلئے فضائی کارروائی کی جبکہ اسرائیلی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو فلسطینی نوجوان بھی شہیدہوگئے۔خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے طیاروں نے غزہ کی پٹی میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور یہ کارروائی سرحد پر ہونے والے احتجاج کے نتیجے میں کی گئی ہے۔دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے ساتھ تصادم میں زخمی ہونیوالے نوجوان دوران علاج دم توڑ گئے ہیں ۔ اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غزہ سے فلسطینیوں نے دھماکا خیز مواد سرحد پر لگی باڑ پر پھینکا جس کے بعد زمینی کارروائی کی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ متعدد دھماکا خیز ڈیوائسز کے جواب میں آئی ڈی ایف طیارے نے غزہ پٹی کے شمالی حصے میں قائم حماس کے دو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی طیاروں کی فضائی کارروائی سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاع تاحال نہیں پہنچی تاہم وزارت صحت نے زخمی نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔ دونوں نوجوان جمعہ کے روز اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔ادھرقابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں متعدد گھروں پر چھاپے مارے،معمر خاتون پر تشدد کیا اور گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔ الخلیل میں قابض فوج کی طرف سے گھرگھر تلاشی کی کارروائیوں میں لوٹ ماربھی کی گئی اور شہریوں کو ہراساں کیا گیا۔