صدر ڈاکٹر عارف علوی نے یورپی یونین کو د عوت دی ہے کہ وہ بہتر کاروباری ماحول سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرے ۔وہ یورپی یونین کی خارجہ امور اور سیکورٹی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ فیڈریکا موگیرینی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں اُن سے ملاقات کی۔صدر نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔انہوں نے انسانی حقوق کے بارے میں یورپی یونین کے حالیہ فیصلے کو سراہا جس سے مذہبی خیالات اور عقیدے کے حوالے سے آزادی اظہار رائے اور نفرت کو ہوا دینے میں توازن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔صدر نے کہا کہ پاکستان اظہار رائے کی آزادی کے حق کے ذمہ دارانہ استعمال پر یقین رکھتا ہے کیونکہ آزادی اور ذمہ داری کا گہرا تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے خواہ ایسا کرنے والے افراد گروپ یا ملک ہوں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے نیو کلیئر سپلائی گروپ کے رہنما اصولوں پر عملدرآمد کا اعلان کیا ہے اور اس میں شرکت کیلئے باقاعدہ درخواست بھی دی ہے۔انہوں نے کہاکہ گروپ میں شمولیت سے پاکستان کو ٹھوس فوائد حاصل ہوں گے۔خارجہ اور سیکورٹی پالیسی کے بارے میں یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ فیڈریکا موگیرینی نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے وسیع امکانات ہیں جن سے بھرپور طور پر استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024