ہرنائی: مٹی کا تودہ مکان پر گرنے سے ماں اور 5 بچے جاں بحق‘ ایک بچی محفوظ رہی
کوئٹہ (نیٹ نیوز) بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے زندہ پیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تودہ گھر پر گرنے سے ماں اور 5 بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک بچی زخمی ہو گئی۔ ہرنائی میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے کبیر شاہ نامی شخص کا گھر زد میں آگیا۔ تودہ گرنے سے گھر مکمل طورپر تباہ ہو گیا۔ ملبے تلے دب کر ماں اور 5 بچے جاں بحق ہو گئے اور ایک بچہ زخمی ہو گیا۔ ڈپٹی کمشنرہرنائی عظی جان دمڑ کے مطابق واقعہ شدید بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پیش آیا۔ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئیں۔ زخمی بچی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ماں اور بچوں کی نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔