سائوتھ ایشین سینئر جوڈو چمپئن شپ میں قومی ٹیم کے انتخاب کے لئے ٹرائلزشروع ہوگئے
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان جوڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام ساوتھ ایشین سینئر جوڈو چمپئن شپ میں قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے ٹرائلزاتوار کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگئے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان کے مطابق ٹرائلز میں واپڈا، آرمی، ریلوے، فاٹا، اسلام آباد ، فاٹا اور بلوچستان کے60 مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ کھلاڑیوں کے ٹرائلز فیڈریشن کے ریفریز،ججز اور ٹیکنیکل آفیشلز نے لئے جس میں سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ فیڈریشن نے ایونٹ کے لئے تین رکنی سلیکشن کمیٹی کا انتخاب کیا تھا جس میں اسلام آباد جوڈو ایسوسی ایشن کے صدر ظریف احمد خان،فاٹا جوڈو ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نور شاہ خان آفریدی اور پاکستان آرمی کے میجر عابد شامل ہیں۔واضح رہے کہ سائوتھ ایشین سینئر جوڈو چمپئن شپ 19سے24اپریل تک نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں کھیلی جائے گی۔