لین دین کے تنازع پر تاجر کا ساتھیوں سمیت محنت کش کے گھر دھاوا‘ متعدد افراد زخمی
رائے ونڈ (نامہ نگار) بیرون تبلیغی مرکز بازار کے بااثر تاجروں عبداللہ پٹھان،نجیب اللہ، سلیم اللہ ،محب اللہ وغیرہ کا درجنوں ساتھیوں کیساتھ غریب محنت کش حاجی محمد اسماعیل میواتی کے گھر پر مسلح حملہ ،گلی میںفائرنگ سے خوف و ہراس پھیلادیا ،ملزمان نے شدیدخشت باری سے گھر کے دروازے تباہ کردئیے ، چیختے چلاتے بچے اور خواتین خوفزدہ ہوکر کمروں میں قید ہوگئے ،خشت باری سے گھر کے اندر موجود خواتین اور نوجوان محمد نوید ،فرھان اور عامر زخمی ہوگئے ۔پولیس کے آنے پر ملزمان گالیاں اور دھمکیاں دیتے واپس لوٹ گئے ،متاثرہ شخص حاجی محمد اسماعیل کی درخواست پر پولیس نے چند ملزمان کو حراست میں لیا ،جن کو انجمن تاجران کے صدر عاصم خاں کے کہنے پر چھوڑ دیا گیا ،متاثرین حاجی محمد اسماعیل ،ماجد اوردرجنوں محلے دارعبدالمجید ،محمد اویس ،محمد اختر ،مشتاق ،رشید وغیرہ پولیس کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے ،غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرنے والوں کیخلاف دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کر دیا۔اس سلسلے میں ایس ایچ او رانا ارحم کا کہنا ہے کہ فریقین کی طرف سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں ،قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کارروائی کریں گے ،کسی کیساتھ ناانصافی نہیں ہوگی ، متاثرہ شخص حاجی محمد اسماعیل نے بتایا کہ ان کو ملزمان سے جان و مال کا خطرہ ہے ،ان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔تاجر رہنما عاصم خاںکا مؤقف ہے کہ حاجی اسماعیل اور ماجد وغیرہ ٹھیکہ پر مچھردانیاں بنانے کا کام کرتے تھے ۔پنچائتی فیصلہ کے مطابق حاجی اسماعیل ،ماجد وغیرہ کی طرف لاکھوں روپے کی رقم بقایا ہے۔