مودی کا دورہ: 18 اپریل کو لندن میں بھارت کیخلاف بڑا مظاہرہ ہو گا:بیرسٹر سلطان
مانچسٹر (عارف چودھری) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ نہتے کشمیریوں کو ظلم وبربریت کا نشانہ بناکر انسانیت سوز کارروائیاں کر رہا ہے اب اس سے زیادہ ستم ظریفی یہ ہے کہ آئے روز لائن آف کنٹرول کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے لوگوں کو فائرنگ اور گولہ باری کا نشانہ بناکر پچھلے دو ماہ کے دوران 300افراد کو شہید کر چکا ہے۔ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر غیراعلانیہ جنگ شروع کر رکھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ یورپ سے واپسی پر کاروباری شخصیت ملک حاجی محمد اکرم کی جانب سے مقامی ہال میں کھی گئی خصوصی دعوت کے موقع پر کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود نے مزید کہاکہ سب سے زیادہ باعث تشویش بات یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت دو ایٹمی طاقتیں ہیں اگر اس دفعہ جنگ چھڑ گئی تو یہ پہلی جنگوں سے مختلف ہو گی۔ ایٹمی جنگ چھڑنے سے صرف جنوبی ایشیا نہیں بلکہ عالم اقوام پر اس کے اثرات پڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی انتہا پسند ذہنیت کا شخص‘ وہ لندن آ رہا ہے یہاں پر کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سے پر زور اپیل ہے کہ 18اپریل 2018ء کو دن بارہ بجے تمام تر مصروفیات ترک کرکے لندن پہنچیں اور بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرکے اسے تاریخی بنانے میں کردار ادا کریں اس سے مقبوضہ کشمیر کی غیور و مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں سابق وزیراعظم نوازشریف اور نریندر مودی گٹھ جوڑ نے تقسیم کشمیر کا منصوبہ بنایا تھا جب سے ہم نے یورپین پارلیمنٹ اور جنیوا میں اپنے احتجاج کو درج کروانے میں شدت لائی۔ بھارت نے اس اثر کو زائل کرنے کے لئے چار گنا رقم مختص کر دی ہے تاکہ اس کا توڑ کیا جا سکے۔ اس موقع پر سیکرٹری ملک رحمت خان‘ فاروق احمد مغل‘ اسرار احمد‘ خورشید عالم‘ ملک محمد صادق‘ صوفی خورشید‘ محمود نقیبی‘ سایسٹر طاہر رفیق‘ محمد صادق‘ چودھری جاوید اختر‘ سعید اختر‘ مہربان حسین‘ محمد عامر صدیق‘ ملک اسرار زاہدی‘ چودھری بشارت‘ ملک عبدالقیوم‘ ڈاکٹر ملک ظفر‘ بیرسٹر ملک احسان کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔