پاکستان کو سچا دوست سمجھتے ہیں، سی پیک سے خطے میں خوشحالی آئیگی: چینی ڈپٹی چیف مشن
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں چین کے ڈپٹی چیف آف مشن چاؤ لی جن نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پر پورے ملک میں زوروشور سے کام جاری ہے، پاکستان اور چین دونوں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان کو اپنا سچا دوست سمجھتے ہیں، سی پیک سے پورے خطے میں خوشحالی آئیگی۔ سی پیک کی کامیابی میں میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں رابطوں اور تعاون کا اہم کردار ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چاؤ لی جن نے کہا کہ چین، پاکستان اقتصادی راہداری صرف چین اور پاکستان کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے حکمت عملی کا نام نہیں بلکہ یہ اس پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اہم کردار ادا کریگا۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ 21 ویں صدی کا اہم ترین منصوبہ ہے، اس سے افریقہ، ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے 65 ممالک منسلک ہوں گے، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔