اقتصادی راہداری سے معاشی ترقی کے وسیع مواقع پیدا ہونگے ، تمام طبقات پر مثبت اثر پڑیگا: عالمی بنک
اسلام آباد (آن لائن) ورلڈ بینک کی جانب سے ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے معاشی ترقی کے وسیع تر مواقع پیدا ہوں گے جس کے معاشرے کے تمام طبقات پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ اتوار کو ورلڈ بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا سی پیک دونوں ملکوں کی معاشی ترقی میں وسیع تر مواقع پیدا کرے گا۔ ،جنوبی ایشیا میں نقل وحمل کے لئے راہداریوں کے قیام کے عنوان سے یہ رپورٹ عالمی بینک کے اقتصاجی تجزیہ کار مارٹن میلیکی اور عالمی امدادی اداروں نے مشترکہ طورپر تیار کی ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا اقتصادی راہداری کے تحت سڑکوں، ریلوے اور بندرگاہوں کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی گئی ہے جس سے پاکستان کو اقتصادی ترقی کے فروغ، غربت میں کمی، وسیع تر فوائد کے حصول اور نئے تجارتی راستوں کے قیام سے متاثر ہونے والی آبادی کے لیے امداد کی فراہمی میں مدد ملے گی۔رپورٹ ایشیائی ترقیاتی بینک، برطانیہ ا ور جاپان کے عالمی ترقی کے اداروں اورعالمی بینک نے مشترکہ طورپر شائع کی ہے جس میں چین پاک اقتصادی راہداری سمیت مختلف اقتصادی راہداریوں کے قیام کا تجزیہ کیاگیاہے۔