’’ووٹ کو عزت دو‘‘ نوازشریف کے بیان پر مسلم لیگ کے منشور کی تیاری
اسلام آباد (محمدنواز رضا، وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے مسلم لیگ(ن) نے 2018ء کے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے اپنے قائد محمد نوازشریف کے سیاسی بیانیہ پر مسلم لیگ(ن) کا منشور تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی‘ ووٹ کا تقدس‘ مسلم لیگ(ن) کے منشور کا مرکزی نکتہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق میاں نوازشریف کے دور حکومت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ‘ مواصلات کا مضبوط نظام استوار کرنا اور سی پیک جیسی کامیابیوں کو ثانوی حیثیت حاصل ہوگی۔ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے کو منشور کا حصہ بنایا جائیگا۔ مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہبازشریف وطن واپس آنے کے بعد پارٹی کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے مؤثر اقدامات اور پارٹی کی تنظیم نو کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) اپنے منشور میں عدالتی نظام میں اصلاحات کو شامل کرے گی۔ عوام کو جلد اور سستا انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کا پروگرام شامل کیا جائے گا۔