انتخابات وقت پر ہونگے، کچھ سیاسی جماعتوں کا طرز عمل جمہوریت کیلئے درست نہیں: شاہد خاقان
کراچی(آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت 31مئی 2018 کو پور ی کرے گی اور آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔کراچی میں بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات میں کچھ سیاسی جماعتوں کی وجہ سے پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتوں کا یہ طرز عمل ملک میں جمہوریت کے لئے درست ثابت نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2013 سے پہلے لوگ کراچی سے باہر منتقل ہونے کا سوچ رہے تھے لیکن آج یہاں رونقیں بحال ہورہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں پالیسیوں کا تسلسل جاری رہنا چاہئے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وسائل محدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات مشکل فیصلے بھی کرنے ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب جی ڈی پی کی ترقی نہیں ہوتی اور افراط زر بڑھ جاتا ہے تو ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہوتا ہے اور اس حوالے سے ان کی رہنمائی بھی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے توانائء کے بحران پر قابوں پایا ہے ، ملک کے انفراسٹرکچر کو بہتر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری بھی درست سمت میں گامزن ہے اور اس کے بھی ملک پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ 6 فیصد ترقی کے ہدف کو حاصل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دھرنے اور پانامہ کی وجہ سے ملک کی معیشت متاثر ہوئی ہے۔