الیکشن مقررہ وقت پر ہونگے، تحریک انصاف نوجوانوں کو گمراہ کررہی ہے: خرم دستگیر
وزیرآباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کر رہی ہے ۔ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ہونگے،مخالفین اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے دورہ وزیرآباد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ ن مستنصر علی گوندل،وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری اعجاز احمد پرویا،تحصیل جنرل سیکرٹری عمران رسول بٹ ،سماجی شخصیت وقاص خالد ہاشمی اور دیگر بھی موجودتھے۔خرم دستگیر نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں نوجوان نسل کو گمراہ کررہی ہے ان کا کوئی ویژن نہیں، عوام اب دھرنا انتشار اور جھوٹ کی سیا ست کو مکمل مسترد کر چکے ہیں،انشا ء اللہ اگلا دور بھی مُسلم لیگ (ن) کا ہے، مسلم لیگ (ن) کے تمام ترقیاتی منصوبے مکمل ہوچکے۔ میاں نوازشریف نے اپنے وعدے پورے کر دیئے اور ملک تیزی سے خوشحالی اور ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوچکا۔ بیروز گاری اور مہنگا ئی پر بھی کافی حد تک قابو پایا گیا ہے ۔زرداری اور اس کے حواریوںنے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا تھا جسے میاں نواز شریف نے اچھی اور مثبت ٹیم کے ساتھ ٹھیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے بعد اب میاں محمد نواز شریف ہی عوامی اور قومی لیڈر ہیں۔