6ہفتوں کا سفر 17گھنٹوں میں‘ کوانتس ایئرلائن کی پہلی براہ راست پرواز بغیر رکے 9ہزار میل طے کرکے آسٹریلیا سے لند ن پہنچ گئی
پرتھ (بی بی سی) آسٹریلیا کی کوانتس ایئرلائن نے آسٹریلیا سے برطانیہ کے لئے اپنی پہلی براہ راست پرواز کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ فلائٹ بغیر کہیں رکے 9 ہزار میل کا سفر 17 گھنٹوں میں طے کر کے لندن پہنچ گئی۔ ایک صدی سے کم عرصے میں آسٹریلیا سے برطانیہ کا سفر جو سمندر کے راستے کبھی چھ ہفتوں کا ہوا کرتا تھا اب صرف 17 گھنٹوں کی ایک فلائٹ میں سمٹ گیا ہے۔ یہ فلائٹ 24 مارچ کو پرتھ کے مقامی وقت کے مطابق شام چھ بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوئی اور بغیر کہیں رکے 17 گھنٹوں کا سفر طے کر کے لندن کے مقامی وقت کے مطابق اتوار کو صبح سویرے 5 بجے لندن پہنچی۔ جب آسٹریلیا سے لندن تک کا یہ روٹ شروع کیا گیا تھا تو اسے ’کینگرو روٹ‘ کا نام دیا گیا تھا۔کوانتس ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ جب 1947 میں کوانتس نے لندن تک کا یہ کینگرو روٹ شروع کیا تھا تو اس وقت اسے منزل تک پہنچنے میں چار دن لگتے تھے جس دوران اسے نو جگہوں پر رکنا پڑتا تھا۔ اس فلائٹ کے لیے بوئنگ کا ڈریم لائنر 787-9 استعمال کیا جا رہا ہے جو ایندھن کے معاملے میں بوئنگ 747 کے مقابلے میں دو گنا باکفایت ہے۔