جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ ،آسٹریلیا کابال ٹیمپرنگ کا اعتراف
کیپ ٹائون(آئی این پی) آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے جنوبی افریقہ کے خلاف جاری تیسرے ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کا اعتراف کرلیا۔اسٹیون اسمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ اوپنر کیمرون بینکرافٹ کی اس حرکت میں ٹیم کی پوری لیڈرشپ ملوث تھی، اسمتھ نے کہا کہ ہمارے لیے یہ میچ بہت ہی اہم ہے، اس میں گیند سوئنگ نہیں کررہی تھی تو اس کو خراب کرنا چاہا، یہ سب کچھ اسپرٹ آف کرکٹ کیلیے اچھا نہیں تھا اور انتہائی بڑی غلطی تھی۔اسٹیون اسمتھ کا کہنا تھا کہ اگر ہم پکڑے نہ جاتے تب بھی مجھے افسوس ہوتا تاہم اس واقعے کے باوجود میرا کپتانی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں کیونکہ میں اس وقت قیادت کیلیے بہترین شخص ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی پوری قیادت نے سوچ سمجھ کر یہ حرکت کی تھی کیونکہ ہمارا خیال تھا کہ اس سے ہمیں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے واقعے کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے 2 عہدیداروں کو فوری طور پر جنوبی افریقا بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔یہ واقعہ ہفتے کے روز جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کیپ ٹان میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پیش آیا۔ ٹی وی کیمروں نے بینکرافٹ کو کسی پیلی چیز سے گیند کی ساخت خراب کرتے ہوئے پکڑا تھا، انھوں نے امپائرز سے چھپانے کے لیے وہ چیز اپنی پتلون میں ڈال لی۔میچ کے دوران جب گیند کیمرون بینکرافٹ کے پاس آئی تو انہوں نے جیب سے پیلی شے نکال کر اس سے گیند کو کھرچا اور پھر وہ چیز واپس جیب میں ڈال لی۔