پی ایس ایل فائنل سیکیو رٹی پلان،مخصوص شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند کی گئیں
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پی ایس ایل فائنل کیلئے سیکیورٹی پلان کے مطابق مخصوص شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پہلا موڑ کارساز روڈ کا ٹریننگ پوائنٹ رکھا گیا جو یونیورسٹی روڈ سے دائیں جانب مڑ کر اسٹیڈیم کی طرف جاتا ہے ٗمذکورہ بالا روڈ عام ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا اور عوام سے راشد منہاس روڈ سے مڑ کر گلشن اقبال اور لیاقت آباد 10 نمبر کی طرف جانے کی ہدایت کی گئی ۔اس کے ساتھ ساتھ ڈالمیا روڈ بھی عام ٹریفک کیلئے بند کیا گیا اور حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم کی طرف آنے والا پل بھی عام ٹریفک کیلئے بند رہا ٗنیو ٹاؤن سے بھی عام ٹریفک کا داخلہ بند رہاتاہم اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی ہسپتالوں کیلئے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، مریضوں اور ایمبولینسوں کو داخلے کی اجازت دی گئی۔ گزشتہ روز شارع فیصل، شاہراہ قائدین، راشد منہاس روڈ اور شاہراہ پاکستان ٹریفک کیلئے مکمل طور پر کھلی رہی اور شہریوں کو متبادل راستوں کی آگاہی کیلئے ٹریفک پولیس کے اہلکار موجود رہے ٗ ٹریفک پولیس ہیلپ لائن1915 سے بھی مدد لی گئی ۔میچ دیکھنے کیلئے آنے والے تماشائیوں کیلئے اسٹیڈیم کے اطراف 7 مقامات پر پارکنگ بنائی گئی ہیں جن میں حکیم سعید پارک، اردو یونیورسٹی گراؤنڈ، اتوار بازار گراؤنڈ بالمقابل بیت المکرم مسجد، غریب نواز فٹ بال گراؤنڈ نزد ملینیئم مال جبکہ کشمیر روڈ پر واقع کے ایم سی گراؤنڈ، کے ڈی اے کلب اور چائنا گراؤنڈشامل ہیں۔