سینیٹ الیکشن کا طریقہ بدلنے کی حمایت نہ کرنیوالے وزیراعظم اب ہارس ٹریڈنگ پر چیخ رہے ہیں: عمران
اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اب ہارس ٹریڈنگ کے خلاف چیخ و پکار کر رہے ہیں‘ ہم نے سینٹ الیکشن کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی تجویز دی تھی۔ اس وقت انہوں نے حمایت نہیں کی۔ میرا وزیراعظم سے سوال ہے کہ پاناما فیصلہ ملکی ترقی میں کیسے رکاوٹ بن گیا؟ سالانہ دس ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ پاکستان کو تباہ کررہی ہے۔ ٹویٹر پر عمران نے کہا کہ اب کہا جا رہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں پیسے کا استعمال ہوا۔ حکمران جماعت کو اتنی فکر تھی تو ہماری تجویز کی حمایت کیوں نہیں کی؟ ہماری تجویز کا مقصد سینٹ الیکشن میں غلط طریقہ کار کو روکنا تھا۔ نواز شریف کو منی لانڈرنگ کرنے پر سزا سنائی گئی۔ کیا وزیراعظم کا یہ خیال ہے خیالی ترقیاتی کام کروانے کی وجہ سے منی لانڈر قانون سے بالاتر ہوتا ہے۔ کیا دس ارب ڈالر کی سالانہ منی لانڈرنگ جو پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کر رہی ہے بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ اگر وزیراعظم کا اب بھی یہ خیال ہے کہ نوز شریف نے منی لانڈرنگ نہیں کی تو پھر وہ وزیراعظم کے طور پر منی لانڈرنگ روکنے کے لئے کیسے کوئی اقدامات کرسکتے ہیں؟ اگر وزیراعظم کی سوچ یہ ہے کہ نواز شریف منی لانڈرنگ میں ملوث نہیں تو پھر وہ سوچ سے بھی زیادہ بیوقوف ہیں۔ ان سے بڑا کوئی بے وقوف نہیں۔ اگر ملک کا وزیراعظم ہی سپریم کورٹ کے فیصلے کو ماننے اور عزت دینے کیلئے تیار نہیں تو پھر ہم دوسروں سے کیسے امید کر سکتے ہیں کہ وہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کریں گے۔
عمران