منتخب چئیرمین سینیٹ کیخلاف توہین آمیز بیان افسوسناک ہے‘ محمد علی درانی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینٹ کے منتخب چئیرمین کو ’بکا ہوا‘ اور ’بے عزت‘ قرار دے کر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کی سالمیت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ مودی بلوچستان میں دہشت گردی کروارہا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت منتخب بلوچ قیادت کی تذلیل کرکے چھوٹے صوبے کے عوام کے دلوں میں نفرت کے بیج بونے کی کوشش کررہی ہے۔ نومنتخب چئیرمین سینٹ کے خلاف توہین آمیز بیان وزیراعظم کا نہیں، جاتی عمرہ کے کسی تنخواہ دار ملازم کا لگتا ہے۔ سینٹ اور اہلِ بلوچستان سے غیرمشروط معافی مانگتے ہوئے شاہد خاقان عباسی وفاق پاکستان کے مفاد کے منافی بیان واپس لیں۔ وزیراعظم کے بیان پر اتوار کو اپنے شدید ردعمل میں انہوں نے کہاکہ جو مسلم لیگ (ن) چھانگا مانگا میں بنی، جنرل ضیاء الحق کے آرمی ہائوس میں پروان چڑھی، پاناما میں جوان ہوئی، وہ آج شریف خاندان کی آمریت کے قیام کے لئے عدلیہ ،آئین اور پاکستان کی سالمیت پر حملہ آور ہے۔ جناب وزیراعظم! لوٹ کے مال سے تاریخ کے پہییکو اُلٹاگھمایا نہیں جاسکتا۔ سابق وزیراطلاعات نے کہاکہ چھوٹے صوبے سے تعلق رکھنے والی قیادت کے خلاف پنجابی وزیراعظم کا توہین آمیز رویہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازش ہے۔ محمد علی درانی نے کہاکہ (ن) لیگ کو ووٹ ڈالنے کی صورت میں یہ تمام ارکان سینٹ صادق اور امین قرار پاجاتے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آپ کی ہے۔ اگر کسی نے کوئی غلط اقدام کیا ہے تو الزامات لگانے کے بجائے حکومت قانونی کاروائی کرے۔
محمد علی درانی