کراچی میں پی ایس ایل کا انعقاد مسرت اور فخر کا موقع ہے‘ نواز شریف
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس ایل 3 کا فائنل کراچی میں منعقد کرانے پر پی سی بی‘ کراچی کی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں بالخصوص کراچی کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دعا ہے کہ کامیابیوں کا سفر اسی طرح جاری رہے اور کسی کو بدلتے پاکستان کی تقدیر کو پھر سے ماضی کے اندھیروں کی طرف دھکیلنے کی ہمت نہ ہو۔ آج کا پاکستان 2013ء کے پاکستان کو بہت پیچھے چھوڑ آیا ہے۔ ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل 3 کے فائنل کا انعقاد نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک کے عوام کیلئے مسرت اور فخر کا موقع ہے۔ میں اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں‘ بالخصوص غیرملکی کھلاڑیوں کو بھی دلی مبارکباد دیتا ہوں۔
نوازشریف