امریکہ: نائٹ کلب، بس میں فائرنگ، 2 افراد ہلاک، 16 زخمی، برطانیہ: گاڑی راہگیروں پر چڑھادی، 4 زخمی ، ملز م گرفتار
امریکہ میں نائٹ کلب اور بس میں فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد ہلاک، 16 زخمی ہو گئے، برطانیہ میں نامعلوم شخص نے گاڑی راہگیروں پر چڑھا دی جس سے 4 افراد زخمی ہو گئے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا، تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو ےکے کیمیو نائٹ کلب میں مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک شہری ہلاک، 15 زخمی ہو گئے، پولیس کے مطابق حملے کے وقت نائٹ کلب میں سینکڑوں افراد موجود تھے کہ مسلح شخص نے اندر داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے ایک شخص ہلاک، 15 زخمی ہوگئے، فائرنگ کے بعد کلب میں افراتفری پھیل گئی۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ خوفناک ہے۔ تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پولیس نے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ دریں اثناءامریکی شہر لاس ویگاس میں بھی مسافر بس میں مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست نیو اڈا میں مسلح شخص نے بس کے اندر گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک امریکی ہلاک جبکہ 1 شخص زخمی ہوا ہے۔ جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزم نے فائرنگ کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کر دیا جس سے تفتیش جاری ہے۔ امریکہ بھر میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں 68افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ امریکا میں فائرنگ کے اعداد و شمار جمع کرنے والے مرکز کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے کے دوران ملک کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے 78 واقعات ریکارڈ کیے گئے جن میں مجموعی طور پر 25 افراد ہلاک ہوگئے۔ مذکورہ مرکز کے مطابق فائرنگ کے سب سے زیادہ واقعات ریاست میسوری، پینسلوانیا اور ارکنساس میں پیش آئے۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک امریکہ میں فائرنگ کے 13154 واقعات میں3345 افراد ہلاک اور 6353 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ ادھر برطانیہ میں گاڑی سے لوگوں کو کچلنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیاہے۔ اسلنگٹن میں ڈرائیور نے کار راہگیروں پرچڑھا دی۔ حادثے میں4 افرادزخمی ہوگئے ۔ پولیس نے کارڈرائیورکو گرفتار کر لیا گیا جبکہ کارمیں سواردیگرافراد فرارہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کی بھاری نفری اورامدادی ٹیمیں حادثے کی جگہ پہنچ گئیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے میں دہشتگردی کا پہلونظر نہیں آتا۔