نادرا اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد(آن لائن) نادرا اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے، نادرا کے کاروباری معاملات اور امور میں مزید شفافیت یقینی بنانے کیلئے ٹی آئی پی نادرا کی مدد کرے گی، ایم او یو پر چیئرمین نادرا طارق ملک اور ٹی آئی پی چیئرمین سہیل مظفر اور ایڈوائزر ٹی آئی پی سید عادل گیلانی نے نادرا ہیڈ کوارٹر میں دستخط کئے۔ چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ یہ معاہدہ نادرا کیلئے ایک تاریخی باب ہے۔ اس معاہدے سے نادرا میں ہر سطح پر کرپشن کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی کی پشت پناہی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف شہریوں کی شناختی کارڈ یا دستاویزات ہی نہیں تیار کرتے بلکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے شہریوں کا اعتماد اور بھروسہ تعمیر کرنے کیلئے کام کرتے ہیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے ایڈوائزر عادل گیلانی نے کہا کہ ٹی آئی پی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کرپشن کے خاتمے کیلئے کام کرتی ہے اور اس حوالے سے عوام میں آگاہی بڑھانے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔