عمران خان کا دورہ لاہور:ضمنی انتخابات کی مہم سنبھال لی

لاہور:سابق وزیر اعظم عمران خان پنجاب کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی مہم کے سلسلے میں لاہور پہنچے جہاں انہوں نے پی پی 158 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن یہ جان لے کہ پنجاب کے 20 حلقوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن پر پوری قوم کی نظریں ہیں، یہ انتخابات فیصلہ کریں گے کہ الیکشن کمیشن پر عوام کو اعتماد ہے یا نہیں۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو کہتا ہوں پورا ملک ضمنی الیکشن کو دیکھ رہا ہے، یہ 20 الیکشن فیصلہ کریں گے کہ عوام الیکشن کمیشن پر اعتماد کر سکتے ہیں یا نہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ نوجوانو آپ نے ہر پولنگ اسٹیشن کو سنبھالنا ہے، گھر گھر جاکر لوگوں کو ووٹ دینے کے لیے تیار کرنا ہے کیونکہ یہ ایک حلقے نہیں بلکہ پورے پاکستان کا الیکشن ہے، آپ نے قوم کو جگانا اور احساس دلانا ہے کہ وہ چوروں کو ووٹ نہ دیں۔