چیلنجز جامع قومی جواب اور ریاستی اداروں کی مضبوطی کے متقاضی ہیں: آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش داخلی و بیرونی چیلنجوں کی اجتماعی نوعیت ایک جامع قومی جواب اور تمام ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے کی متقاضی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں نیشنل سکیورٹی اور وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ یونیورسٹی آمد پر لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پائیدار سماجی و معاشی ترقی کیلئے‘ محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے جو کچھ بھی درکار ہو گا، فوج وہ کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوج ملک کے دفاع و سلامتی کیلئے پرعزم ہے اور عوام کی حمایت سے کارکردگی دکھاتی رہے گی۔علاوہ ازیں پاکستان میں متعین افغان سفیر شکر اللہ عاطف مشال نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات دوطرفہ تعلقات باہمی دلچسپی کے امور اور خطہ میں سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔