ادبی ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے: راجہ جہانگیر انور
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبہ پنجاب کے ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے جس کے تحت عوام کو مقامی سطح پر معیاری تفریحی سہولیات میسر آ سکیں۔ وسیب‘ پوٹھوہار اور سینٹرل پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر میگا ثقافتی پروگرام مرتب کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور نے الحمراء کمیٹی روم میں صوبہ بھر میں ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اطہر علی خان‘ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے‘ ڈائریکٹر ڈی جی پی آر جاوید یونس‘ ڈائریکٹر الحمرا ذوالفقار علی زلفی کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور نے اجلاس میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہدایت پر صوبہ بھر میں ادبی ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدام کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں آئندہ تین ماہ کے ثقافتی سرگرمیوں کا کیلنڈر بنایا جا رہا ہے جس میں صوبہ پنجاب کے تمام علاقوں کو ثقافتی اقدار کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر ثقافتی پروگرام میں مقامی لوگوں اور فنکاروں کو شامل کیا جائے۔