مکرمی! ہر پاکستانی یہ رونا روتا ہے کہ ہماری حکومتوں نے ہمیں تباہ کردیا ہے اور انہوں نے ملک کے مفاد کیلئے کوئی اچھا کام نہیں کیا۔ ایک حد تک تو یہ خیال درست ہے۔ اس ضمن میں بہت کچھ کہا جا سکتا ہے لیکن میں صرف ضیاءالحق اور مشرف کا ذکر کروں گا جو ملک میں مارشل لاء کے باوجود کالا باغ ڈیم نہ بنا سکے۔ روزِِ محشر پاکستانی قوم کا ہاتھ اُن کے گریبان پر ہو گا اور یہ دونوں ایک بہت بڑے مجرم کی حیثیت میں اللہ تعالیٰ کے حضور پیش ہونگے۔ میں آج پاکستانی قوم سے دست بستہ درخواست کرتا ہوں اور خدا کا واسطہ دے کر کہتا ہوں کہ ان کو چھوڑیں اور اپنی غلطیوں پر نظر رکھیں۔ ہماری قوم کی سب سے بڑی غلطی یہ تھی کہ ہم ضمیر فروش اور مفاد پرست سیاست دانوں کو ووٹ دیتے رہے صرف اس لالچ میں کہ وہ برسرِ اقتدار آ کر ہماری مدد کریں گے۔ بھائی ایسا کرنے میں ہم بے وقوف تھے وہ نہیں تھے اُن کے اقتدار حاصل کرنے کے بعد ہم چونے کی بوری میں سے آٹا ڈھونڈنے کی کوشش کرتے رہے بھلا ادھر سے آٹا کیسے ملتا۔ خدارا آئندہ اپنے ذاتی لالچ کو پاﺅں کی جوتی کے نیچے رکھ کر پاکستان کا درد رکھنے والوں کا انتخاب کریں تاکہ ملک عزیز ترقی کرے۔ حکمرانوں کو بُرا بھلا کہنے کی بجائے ہمیں اپنے آپ کو بھی مکمل طور پر بدلنا ہو گا تب ہی ملک عزیز کی حالت بدلے گی اور ملک کا پیسہ ملک پر خرچ ہو گا اور چوری کے مال کی طرح بندربانٹ ختم ہو جائے گی۔ (منظر شفیع سینئر ایڈووکیٹ گلشن لاہور)
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024