گونگی بہری گیتا کا ٹرین کے ذریعے والدین کی تلاش کی خواہش کا اظہار
نئی دہلی/اندور (آئی این پی)گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستان سے وطن واپس بھجوائی گئی بھارتی گونگی بہری لڑکی گیتا نے ٹرین کے سفر کے ذریعے اپنے والدین کی تلاش کی خواہش کا اظہار کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش حکومت کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ گیتا نے انسٹی ٹیوٹ مونیکا پنجابی کے ڈائریکٹر کو اشاروں کی زبان میں بتایا ہے کہ وہ اپنے والدین کی تلاش کیلئے ٹرین سے سفر کرنا چاہتی ہے ۔گیتا کو مختلف مقامات پر لے جایا جاسکتا ہے تاکہ وہ بتا سکے وہ کہاں سے اپنے گھر والوں سے جدا ہوئی تھی ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گیتا اندور کے ایک فلاحی ادارے میں رہ رہی ہے ۔متعدد جوڑوں نے گیتا کے والدین ہونے کا دعویٰ کیا تاہم گیتا نے ان سب کو پہنچانے سے انکا رکردیا اور کوئی بھی اپنے دعوے کو ثابت نہ کرسکا۔گیتا پاکستان سے واپسی کے بعد اب ہندی،انگریزی اور ریاضی سیکھ رہی ہے ۔وزیر خارجہ سشما سوراج نے دسمبر میں گیتا سے ملاقات کرکے اس کے والدین کو تلاش کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔